
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور جمعے کو ہوسکتا ہے۔ ایران کے ساتھ 36 سے 72 گھنٹوں میں مذاکرات کا امکان ہے۔
امریکی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوسرے دور میں اچھی خبر متوقع ہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران سے مذاکرات میں پیش رفت ممکن ہے۔
قبل ازیں ایک بیان میں ترجمان ایرانی وزارت خارجہ اسماعیل بقائی نے کہا تھا کہ سفارتکاری قومی مفادات اور سلامتی کے تحفظ کا ایک ذریعہ ہے۔
اپنے بیان میں اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ جب محسوس ہوا سفارتکاری قومی مفادات کےلیے بہتر ہے تو اقدامات کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان کی درخواست پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ عارضی جنگ بندی کی ڈیڈ لائن میں بھی توسیع کی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستانی قیادت نے ہم سے کہا ہے کہ ایران پر حملہ نہ کریں۔
سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ٹرمپ نے کہا کہ جنگ بندی میں تب تک توسیع کررہے ہیں جب تک بات چیت کا عمل مکمل نہیں ہوجاتا۔
