کراچی: ڈاکوؤں نے مزید 2 شہری مار ڈالے، تعداد 54 ہوگئی

کراچی میں بےرحم ڈاکوؤں نے مزید 2 شہریوں کی جان لے لی، 3 ماہ میں 54 افراد قتل کیے جاچکے ہیں۔

کراچی میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کیے گئے افراد کی تعداد میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہونے لگا۔

پولیس نے منگھو پیر میں 2 افراد کی ہلاکت کا ذمے دار ڈاکوؤں کو قرار دے دیا جبکہ فائرنگ میں ملوث ایک ڈاکو گرفتار کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

شارع فیصل پر نرسری کے قریب ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے سادہ لباس پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔

دوسری طرف گلستان جوہر میں ہوٹل پر سحری کرنے والوں کے ساتھ ڈکیتی کے واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ڈاکوؤں نے شہریوں کو لوٹنے کے ساتھ ہوٹل مالک اور ملازمین کو بھی لوٹ لیا۔

اورنگی ٹاؤن سے 2 ملزم گرفتار کیے گئے ہیں، رینجرز ترجمان کے مطابق ملزمان کی بفرزون میں الیکٹرونکس کی دکان میں واردات کی وڈیو وائرل ہوئی تھی۔