
آبنائے ہرمز میں ایک مال بردار جہاز پر حملے کے بعد اقوام متحدہ کے بحری ادارے نے پھنسے ہوئے جہازوں کے انخلا کا منصوبہ عارضی طور پر روک دیا ہے جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں دوبارہ بڑھ گئی ہیں۔
برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4 فیصد تک اضافہ ہوا ہے اور فی بیرل قیمت 74.89 ڈالر تک پہنچ گئی ہے جو جنگ سے پہلے کی سطح سے تقریباً 3 فیصد زیادہ ہے۔
واقعے کے بعد ایشیائی حصص بازار بھی شدید دباؤ کا شکار ہیں، جاپان اور جنوبی کوریا کی بڑی منڈیوں میں 3 فیصد سے زائد جبکہ ہانگ کانگ اور تائیوان کی منڈیوں میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی ہے اس لیے تازہ حملے نے خطے میں بحری نقل و حمل اور توانائی کی فراہمی سے متعلق خدشات ایک بار پھر بڑھا دیے ہیں۔
