
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی پیٹرول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری کر دیا۔
وزارت آئی ٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مستحق شہریوں کو خصوصی اسکیم کے تحت پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی، نادرا، ٹیلی کام آپریٹرز اور صوبائی محکموں کے تعاون سے خودکار ڈیجیٹل نظام تیار کر لیا گیا، موٹرسائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑی مالکان خصوصی ریلیف حاصل کر سکیں گے۔
اسکیم کے تحت موٹرسائیکل اور چنگچی مالکان کو ماہانہ 20 لیٹر تک رعایتی پیٹرول فراہم کیا جائے گا جبکہ 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کیلیے یہ مقدار ماہانہ 30 لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ گاڑیوں کی تصدیق صوبائی ٹرانسپورٹ اور ایکسائز محکموں کے ذریعے خودکار نظام سے ہوگی، رجسٹریشن کیلیے اپنے نام پر جاری سم سے مقررہ فارمیٹ کے مطابق ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا، رجسٹریشن پیغام میں شناختی کارڈ نمبر، گاڑی نمبر، صوبائی کوڈ اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی، کامیاب رجسٹریشن پر شہریوں کو موبائل فون پر تصدیقی پیغام موصول ہوگا۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرول پمپ جانے سے پہلے TOK لکھ کر 9771 پر بھیجنا ہوگا، موصول ٹوکن دکھا کر رعایتی پیٹرول ملے گا، اسلام آباد میں رعایتی پیٹرول کی فراہمی پیر اور منگل کی درمیانی شب جبکہ ملک بھر میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب شروع ہوگی۔
