.jpg)
بانئ پی ٹی آئی عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان، چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو خط لکھ دیا۔
عمران خان کا خط وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو پہنچا دیا گیا۔
وکیل سلمان صفدر نے دعویٰ کیا ہے کہ خط بانئ پی ٹی آئی کی ہدایت پر لکھا گیا ہے۔ جس میں بانئ پی ٹی آئی کی طبی سہولتیں اور عدالتی احکامات پر عملدرآمد کی اپیل کی گئی ہے۔
خط میں بانئ پی ٹی آئی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ڈاکٹروں نے بتایا ہے کہ مجھے برین ہیمرج اور دل کے دورے کا خطرہ ہے، میرا بلڈ پریشر 193 تک پہنچ چکا ہے۔
بانئ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ براہِ کرم عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد ممکن بنائیں، زندہ رہوں گا تو اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ 1 سال میں صرف 4 مرتبہ وکلاء سے ملاقات کی اجازت دی گئی، جیل حکام اہلخانہ سے ہفتہ وار ملاقات بھی مسلسل منسوخ کر رہے ہیں۔
بانئ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ تنہائی اور انسانی رابطے کی کمی نے میری ذہنی صحت کو متاثر کیا، میری اہلیہ بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔
دوسری جانب بانیٔ پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے علاج اور سرجری کے لیے اسپتال منتقل کرنے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
بشریٰ بی بی نے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے درخواست دائر کی ہے، جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ مکمل طبی ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو سرجری کے لیے تمام ضروری سہولتیں بروقت فراہم کی جائیں اور فوری طبی نگہداشت و علاج کے لیے کسی خصوصی اسپتال منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔
درخواست کے مطابق 10 نومبر کو ملاقات کے دوران بانئ پی ٹی آئی نے بشریٰ بی بی کی صحت کی سنگینی سے آگاہ کیا تھا، جبکہ 15 نومبر کو بشریٰ بی بی نے آنکھ کی ممکنہ سرجری سے متعلق بھی بتایا تھا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کو دیکھنے میں مشکلات اور آنکھ میں تکلیف کا سامنا تھا، تاہم شکایت کے 7 سے 8 روز بعد جیل میں ڈاکٹر نے ان کا طبی معائنہ کیا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کی جائے گی۔
