
کراچی بن قاسم ٹاؤن اسٹیل مل روڈ جناح گیٹ کے قریب جھاڑیوں سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی ہے جسے نامعلوم مسلح ملزمان نے سر پر گولی مار کر قتل کیا ہے، مقتولہ لڑکی کی شناخت نہیں ہو سکی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کیا۔ بعدازاں پولیس نے مقتولہ لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا۔
ایس ایچ او بن قاسم ٹاؤن فیصل رفیق کے مطابق مقتولہ لڑکی کی عمر ۲۰ سال کے قریب ہے اور فوری طور پر مقتولہ کی شناخت ممکن نہیں ہوسکی ہے۔ مقتولہ کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے، مقتولہ کے سر پر ایک گولی کا نشان دیکھائی دیا ہے، بظاہر مقتولہ لڑکی پر تشد دکے نشانات موجود نہیں ہے۔
پولیس افسر کے مطابق مقتولہ کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے، ساتھ ہی واقعے کی مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
