
سرجانی ٹاؤن میں روز قبل بے دردی سے قتل کیے جانے والی ماں اور 3 معصوم بچوں کے قتل کا معمہ حل ہو گیا قاتل مقتولہ کا نندوئی نکلا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی پولیس نے تین روز قبل گھر میں ماں اور تین بچوں کے قتل کا معمہ تین روز میں ہی حل کر لیا۔ قاتل کوئی اور نہیں بلکہ قریبی رشتے دار نکلا، جس نے گرفتاری کے بعد دوران تفتیش قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔
ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سرجانی ٹاؤن میں ماں اور 3 معصوم بچوں کے قتل کا معمہ حل ہو گیا ہے۔ قاتل مقتولہ کے شوہر کو بہنوئی ہمایوں نکلا، جس کو گرفتار کر کے پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے اور دوران تفتیش اس نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ ملزم ہمایوں ڈیڑھ سال پہلے اسی گھر میں کرایہ دار کے طور پر رہ رہا تھا اور وقوعہ کے دن دوپہر ڈھائی بجے کے قریب یہ مقتولین کے گھر آیا۔
عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ ملزم ہمایوں کو پتہ تھا کہ خاتون کا شوہر اس وقت گھر میں نہیں ہوگا۔ وہ مقتولہ پر بُری نظر رکھتا تھا اور قتل سے قبل زیادتی کی کوشش بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ ملزم نے 18 ماہ کی بچی اور دونوں بڑے بچوں کو بھی قتل کیا اور واقعے کو واردات کا رنگ دینے کی کوشش کی۔ تاہم ہم (پولیس) نے جیسے ہی جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو پتہ لگ گیا کہ یہ واردات نہیں ہے۔ ایک پڑوسی خاتون نے بتایا کہ جب ہمایوں اپنے سالے دانش کے گھر آیا تو وہ مہوش کے گھر میں ہی تھی۔
ڈی آئی جی ویسٹ نے بتایا کہ ہم موبائل فون کی بھی انکوائری کر رہے ہیں، گھر سے غائب ہونے والے موبائل فون بھی وہاں موجود لوگوں میں سے کسی نے اٹھائے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ پیر کی رات سرجانی ٹاؤن سیکٹر7 ڈی میں گھر کے اندر سے ماں اور 3 بچوں کی لاشیں ملی تھیں۔ تمام افراد کے سر پر تیز دھار آلے اور کسی وزنی چیز سے وار کیے گئے تھے۔ مقتولہ مہوش کا موبائل فون گھر سے تاحال غائب ہے۔
