
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے موٹر سائیکل سواروں کو اچھی خبر سنا دی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیرِاعظم اور فیلڈ مارشل ایران جنگ ختم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، خطے کی صورتِ حال بہت کشیدہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، موجودہ حالات دیکھتے ہوئے ہم نے کئی اقدامات کیے، وفاقی حکومت نے گزشتہ 3 ہفتوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں کچھ اہم فیصلے ہوئے، امریکا ایران جنگ سے پاکستان شدید متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹارگٹڈ سبسڈی دینا ہو گی، چاروں صوبوں نے اپنے اپنے حساب سے تیاری کی، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ موٹر سائیکل سواروں کو سبسڈی دی جائے، سندھ میں 66 لاکھ موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہر موٹر سائیکل والے کو اپریل میں 2 ہزار دیے جائیں گے، 20 لیٹر کےحساب سے ہر 1 لیٹر پر 100 روپے ملیں گے، ایپ میں جس کے نام پر موٹر سائیکل ہو گی اس کے اکاؤنٹ میں پیسے دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام جلد سے جلد اپنے نام پر موٹر سائیکل منتقل کریں، ایپ میں اپنا شناختی کارڈ نمبر ڈالنے سے موٹر سائیکل کا نمبر آ جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگر موٹر سائیکل آپ کے نام نہیں تو 15 دن میں اپنے نام کروا لیں، موٹر سائیکل کی ٹرانسفر فیس معاف کر رہے ہیں، لوئر کلاس کے ریلوے کرایوں میں اضافہ نہیں ہو گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں صرف اپریل کے مہینے میں یہ سبسڈی دی جائے گی، چھوٹے کاشت کاروں کو بھی 1500 روپے فی ایکڑ دیے جائیں گے، محکمۂ زراعت سندھ کے پاس 3 لاکھ 36 ہزار چھوٹے کاشت کار رجسٹرڈ ہیں، چھوٹے کاشت کاروں کو 1 ماہ کے لیے سبسڈی دی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 25 ایکڑ سے کم کے زمینداروں کو 1500 روپے فی ایکڑ ادا کیے جائیں گے، ٹارگٹڈ سبسڈی کا بوجھ صوبوں کو خود اٹھانا پڑے گا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو 1 لاکھ روپے، 2 ایکسلز ٹرک کو 70 ہزار، بڑے ٹرک کو 80 ہزار روپے ماہانہ دیں گے، تمام رجسٹرڈ مسافر بسوں اور ٹرک مالکان کو بھی سبسڈی دی جائے گی، یہ سبسڈی وفاقی حکومت کی طرف سے دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ صرف رجسٹرڈ گاڑیوں، ٹرکوں، موٹر سائیکلوں کو سبسڈی ملے گی، 27 ہزار 297 بسیں سندھ میں رجسٹرڈ ہیں۔
