
پولیس اور پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق، منگل کی صبح وسطی پاکستان میں ملتان شہر کے قریب ایک مسافر ٹرین پٹڑی سے اتر گئی جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔
خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق ریلوے کے ترجمان کلیم اختر نے بتایا کہ یہ ٹرین ‘رحمان بابا ایکسپریس’ کراچی سے پشاور جا رہی تھی جب پنجاب کے شہر شیر شاہ کے مقام پر پٹڑی سے اتر گئی۔
انہوں نے بتایا کہ امدادی کارکنوں نے چھ لاشیں نکال لیں اور ٹرین کی 14 بوگیوں سے زخمیوں کو باہر نکالا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ہنگامی امدادی ٹیموں اور طبی عملے کو جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا تھا۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے الگ الگ بیانات میں افسوس کا اظہار کیا اور حکام پر زور دیا کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
پاکستان میں ٹرین حادثات نسبتاً عام ہیں، جہاں کا ریلوے نظام دہائیوں سے سرمایہ کاری کی کمی، فرسودہ پٹریوں اور پرانے سگنلنگ نظام کے مسائل سے دوچار ہے۔ سن 2023 میں جنوبی پاکستان میں ایک مسافر ٹرین کی 10 بوگیاں پٹری سے اتر گئی تھیں، جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور 90 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
