
لاہور کے علاقے کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر 14 بچے جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے مزید بچوں کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاعات ہیں، جنہیں نکالنے کےلیے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ ملبے تلے 33 بچے دبے تھے۔ زخمی بچوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے تصدیق کی کہ ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے 14 بچے جاں بحق ہوگئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ19 بچوں کو کاہنہ اسپتال لایا گیا، 5 زخمی بچے اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
اس سلسلے میں علاقہ مکین کا کہنا ہے کہ بچے ٹیوشن سینٹر میں پڑھنے آئے ہوئے تھے۔
ترجمان ریسکیو پنجاب کا کہنا ہے کہ ریسکیو کو واقعہ کی اطلاع شام 4:45 بجے پر ملی تھی۔ زیادہ تر بچے کم عمر ہیں، بچے ملبے تلے دبے ہیں، دم گھٹنے سے ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کاہنہ میں ٹیوشن سینٹر کی چھت گرنے سے جاں بحق بچوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔ ٹیوشن سینٹر کی بالائی منزل پر تعمیراتی کام ہورہا تھا اور گراؤنڈ فلور پر بچے پڑھ رہے تھے، گھر کے مالک سمیت 2 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے میڈیا سے گفتگو بتایا کہ ٹیوشن سینٹر چلانے والے 5 افراد کو حراست میں لیا ہے، تحقیقات کے بعد تمام چیزیں سامنے لائی جائیں گی۔
