.jpg)
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صوبوں کے معاملے پر بہت جلد سیاسی اتفاق رائے ہوجائے گا۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان کا سیاسی منظرنامہ جلد بدلنے جارہا ہے، صوبوں کے معاملے پر بہت تیزی سے پیشرفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں پر اتفاقِ رائے پیدا کیا جا رہا ہے۔ نئے صوبوں پر اتفاقِ رائے میں زیادہ دیر نہیں لگے گی۔ نیو ایئر کے آس پاس بہت اہم پیشرفت نظر آئے گی۔ صوبوں کے معاملے پر بہت جلد سیاسی اتفاق رائے ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اتفاقِ رائے کے بعد سیاسی منظرنامہ تیزی سے تبدیل ہوگا۔ نئے انتظامی یونٹس سے کسی کی سیاست کو خطرہ نہیں۔ نئے انتظامی یونٹس یا صوبے بننا پاکستان کیلئے خوشگوار چیز ہوگی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سیاسی بیانیے وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں۔ نئے صوبوں پر بات کرنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے کبھی نہیں کہا۔ نئےانتظامی یونٹس یا صوبے کیسے بنیں گے؟ مجھے طریقہ کار نہیں معلوم۔
انہوں نے کہا کہ نئے سال میں نیا سسٹم آسکتا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو آن بورڈ لیا جارہا ہے، امید ہے کوئی حل نکل آئے گا۔ ہفتوں میں تمام خدشات، اتفاق رائے میں بدل جائیں گے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عمران خان کےلیے بڑا ہی مناسب موقع ہے، یہ وہی موقع ہے جو ہمیں جنرل باوجودہ کی ایکسٹینشن کے وقت ملا تھا۔ بانی پی ٹی آئی راضی ہوجائیں تو ان کیلئے سیاسی مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں میں مثبت پیشرفت ہو رہی ہے، سیاست ممکنات کا نام ہے۔ آصف زرداری، نواز شریف اور دیگر رہنما اتفاقِ رائے کی کوشش کر رہے ہیں۔
