
کراچی میں بارش کے دوران مختلف حادثات میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 7 افراد زخمی ہوئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب دیوار گرنے سے 11 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ اسی مقام پر ریسکیو ٹیمیں مزید افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں
اس سلسلے میں ایس ایس پی کیماڑی سنگھار ملک نے کہا کہ دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر گری، یہ رہائشی عمارت نہیں ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ پولیس نفری موقعے پر پہنچ گئی ہے، سرچ اور ریسکیو آپریشن جاری ہے جبکہ مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لانڈھی اور مجید کالونی میں دیوار گرنے سے خاتون اور مرد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ملیر ندی یارو گوٹھ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہوا جبکہ شاہ لطیف ٹاؤن مرغی خانہ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے بھی ایک شخص جاں بحق ہوا
حکام کے مطابق کورنگی ساڑھے 3 میں گھر کی چھت گرنے سے خاتون اور کورنگی 5 نمبر میں درخت گرنے سے 1 شخص جاں بحق ہوئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق بارش کے دوران مختلف واقعات میں 7 افراد زخی ہوئے ہیں، لاشوں اور زخمی کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تیز ہوا اور بارش کے دوران مائی کولاچی میں بل بورڈ گرگیا جبکہ شارع فیصل پر مختلف جگہوں پر بارش کا پانی جمع ہے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
نیو ملیر کے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
