
کراچی کے علاقے سولجر بازار 3 نمبر کی 1 رہائشی عمارت میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے سے عمارت کا ایک حصہ گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکا سحری کے وقت ہوا، جاں بحق ہونے والے 16 افراد میں 4 بچے اور 6 خواتین بھی شامل ہیں۔
عمارت کے ملبے سے نکال کر 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ملبے میں مزید افراد کے موجود ہونے کے خدشات کے باعث ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
ڈی جی ریسکیو ون ون ٹو ٹو کے مطابق دھماکا گیس سلنڈر یا گیس کھینچنے والی مشین سے ہوا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصر اللّٰہ عباسی کے مطابق عمارت کے ملبے میں مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے، دھماکے کی شدت سے عمارت متاثر ہوئی اور زمین بوس ہو گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ دھماکے سے تباہ ہونے والی عمارت 2 منزلہ ہے، تنگ گلیوں کی وجہ سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق عمارت میں سرچنگ کا عمل مکمل ہو گیا جس کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ڈی آئی جی ایسٹ ڈاکٹر فرخ لنجار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا گیس لیکیج کا ہے، کیمیکل ایگزیمین کے بعد ہی دھماکے کی اصل نوعیت کا تعین ہو سکے گا، واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی۔
ان کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ بتائے گا کہ عمارت قانونی تھی یا غیر قانونی، تعین کر کے واقعے کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے گی
