
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے چھوٹے دکانداروں کے لیے فکس ٹیکس سسٹم متعارف کرانے کی تجویز ہے، اس سسٹم میں وہ دکاندار آسکتے ہیں جن کی سالانی فروخت 20 کروڑ روپے سے کم ہے۔
بجٹ تقریر میں وزیر خزانہ نے کہا چھوٹے دکارندار اپنی سالانہ سیلز کا ایک فیصد ٹیکس ادا کریں گے، اس ٹیکس میں دکاندار اپنا ودہولڈنگ ایڈجسٹ کراسکیں گے۔
انھوں نے کہا کہ چھوٹے دکاندار کو گوشوارے جمع کراتے وقت کم ازکم 25 ہزار روپے جمع کرانا ہوں گے۔
وزیر خزانہ نے کہا ان کا روٹین میں کوئی آڈٹ نہیں ہوگا، ان پر خریداری پر ودہولڈنگ کی ذمہ داری نہیں ہوگی، پی او ایس مشین رکھنے سے استثنیٰ ہوگا۔ محمد اورنگزیب نے کہا کہ جو دکاندار فکسڈ ٹیکس سسٹم کا انتخاب کرے گا اس کو سبز رنگ کی تختی دی جائے گی، اس تختی کی موجودگی میں ایف بی آر اہلکاروں کو پوچھ گچھ کے لیے دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔
