
اکستان مسلم لیگ (ن) سندھ خواتین ونگ کی تقریب میں ایم کیو ایم پاکستان کی مقامی رہنما عمارہ خاتون نے بڑی تعداد میں خواتین کے ہمراہ مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔مسلم لیگ (ن) ہاؤس کارساز میں منعقدہ تقریب میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن، خواتین رہنماؤں سورٹھ تھیبو، پروین بشیر، مہوش رحمان سمیت بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن نے عمارہ خاتون اور دیگر خواتین کو پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والی تمام خواتین ان کی بیٹیاں ہیں اور وہ انہیں دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب سندھ حکومت پر عدم اعتماد کا اظہار ہے، کراچی کی سینکڑوں خواتین نے موجودہ سندھ حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کردیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خواتین بانیانِ پاکستان کی اولادیں ہیں اور کراچی کی موجودہ صورتحال سے مطمئن نہیں۔بشیر میمن نے کہا کہ سندھ میں فارم 47 کی حکومت قائم ہے، جس نے کراچی کا حشر کردیا ہے۔ پنجاب میں ہونے والی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور پنجاب کے دیگر شہروں میں ترقیاتی کام واضح نظر آتے ہیں، جبکہ کراچی کی صورتحال اس کے برعکس ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح گھر کو صاف رکھنے کی ذمہ داری ادا کی جاتی ہے، اسی طرح مریم نواز نے پورے پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ سندھ اور کراچی میں بھی جلد ایسی ہی تبدیلی آئے گی۔مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر نے کہا کہ کشمیر میں آنے والے انتخابی نتائج کے بعد جلد سندھ میں بھی اسی طرح کے نتائج سامنے آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جس طرح ترقی کا سفر جاری ہے، سندھ میں بھی عوام کو ترقی اور خوشحالی کا حق ملے گا۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما سورٹھ تھیبو نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مختصر عرصے میں صوبے میں جو کام کیے ہیں، ان کی مثال نہیں ملتی۔ یہی وجہ ہے کہ سندھ کے عوام بھی اب مریم نواز کی طرزِ حکمرانی کو امید کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں پورے ملک میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہوگی۔مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرنے والی عمارہ خاتون نے کہا کہ انہوں نے ایم کیو ایم چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہوکر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ کراچی میں بھی لاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح ترقی ہو اور شہریوں کو بنیادی سہولتیں میسر آئیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی خواتین شہر کی ترقی اور بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں گی اور کراچی کو مریم نواز شریف کے نقش قدم پر ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
