
آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس میں کوتاہیاں ہوئی ہیں، اب نئی میڈیکو لیگل رپورٹ کی روشنی میں کام ہو رہا ہے۔
کراچی میں سندھ بار کونسل میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئی ٹیم کو یہی کہا ہے کہ شفاف اور آزادانہ تحقیقات کریں۔
آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ میر رضا کا قتل افسوسناک ہے، کیس پر اب نئی میڈیکو لیگل رپورٹ کی روشنی میں کام ہو رہا ہے۔
آئی جی سندھ سے سوال کیا گیا کہ میر رضا کی فیملی نے پرانی انویسٹی گیشن ٹیم کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے؟
جس کا جواب دیتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا کہ قانون کے مطابق جو کارروائی ہوگی وہ کریں گے۔
ایم ایل او نے کوتاہی کی ہے یا آپ کو گمراہ کیا ہے؟ کے سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی انویسٹی گیشن جاری ہے، مزید کچھ نہیں کہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء اور پولیس ایک ہی کرمنل جسٹس سسٹم کا حصہ ہیں، وکلاء سپریم لائسنسنگ اتھارٹی ہیں آپ پر کافی ذمے داری ہے، ہم یہاں مسائل حل کرنے اور حل تلاش کرنے آئے ہیں۔
آئی جی سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ 7 ماہ میں 27 ہزار پولیس والوں کو سزائیں دی ہیں، سندھ بار کونسل اپنے اختیارات کو زیادہ سے زیادہ استعمال کرے۔
ان کا کہنا ہے کہ وکلاء پڑھا لکھا طبقہ ہے، مل کر کام کریں گے تو سسٹم مضبوط ہوگا، تھانوں کا گھیراؤ نہیں ہو گا، مل بیٹھ کر مسائل حل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی مجموعی صورتِ حال بہتر ہے، شہر میں جرائم میں 14 فیصد کمی آئی ہے
