
محکمہ موسمیات کی جانب سے ۳۱جولائی سے ۲ اگست تک سندھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے
سلمان شاہ نے بتایا کہ کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، بدین، تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں تیز بارشوں کا امکان ہے. خیرپور، جیکب آباد، شکارپور، گھوٹکی، کشمور اور قمبر شہدادکوٹ میں بھی بارش متوقع ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ ٹھٹھہ، جامشورو، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار اور شہید بینظیر آباد میں بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے.کئی اضلاع میں نشیبی علاقے زیرِ آب آنے کا امکان ہے، نکاسی آب کے لیے پمپس اور گاڑیاں تیار ہیں۔
میرپورخاص، نواب شاہ، سکھر، حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹھی، اور عمرکوٹ میں اربن فلڈنگ ہو سکتی ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم ۲۴ گھنٹے فعال ہے، صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے.متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں۔
