
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ 28 ویں ترمیم کی باتیں صرف میڈیا میں سن رہے ہیں۔
ایک بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 28ویں ترمیم پر پیپلز پارٹی سے کسی نے بات نہیں کی، نہ کوئی ترمیم سامنے آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے میں نہ کسی صوبے یا شہر کی باتیں سامنے آئی ہیں، سندھ میں نئے اضلاع بنانے کا کوئی ارادہ نہیں۔
سید مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ آئندہ بجٹ میں تنخواہیں بڑھانے کا فیصلہ وفاق سے بات کرکے کریں گے۔ کوشش ہے غریب عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔
اس معاملے پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ 28ویں ترمیم سے متعلق گفتگو محض قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ہمیشہ سندھ کا تھا اور رہے گا، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کی سیاست مخالفت پر چلتی ہے۔
شرجیل میمن نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے جس دن اسٹیٹ آف دی آرٹ شاہراہ بھٹو کا افتتاح کیا، کچھ لوگوں نے کہا کہ صوبہ توڑ دو۔
