
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ اور اتوار کو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کی تجویز کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ اور اتوار کو اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے تجاویز تیار کر لی گئی ہیں جن کی حتمی منظوری وزیراعظم شہباز شریف دیں گے۔
ذرائع کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کا دورانیہ ہفتہ کی دوپہر 12 بجے سے اتوار کی رات 11 بج کر 59 منٹ تک رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس دوران تمام کاروباری و کمرشل سرگرمیاں، مارکیٹس اور شادی کی تقریبات پر بھی پابندی کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تجاویز میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران پبلک ٹرانسپورٹ کھلی رہے گی جبکہ اسپتال، فارمیسیز اور دیگر ضروری عوامی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
اس کے علاوہ بندرگاہیں، ریلوے اور فضائی سفر کا عمل بھی معمول کے مطابق جاری رہے گا۔ وزیراعظم کی منظوری کے بعد اس فیصلے کا ملک بھر میں باقاعدہ اطلاق کر دیا جائے گا۔
