
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف آپریشن شروع کیے ہوئے ایک مہینہ ہوگیا، ہم نے ایران کی نیوی، ایئرفورس کو مکمل تباہ کردیا ہے۔
امریکی عوام سے اہم خطاب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ چار ہفتوں میں امریکی فوج نے فیصلہ کن حملے کیے ہیں، ایران نیوی ختم ہوچکی، انکے کئی لیڈر ختم ہوچکے، رجیم ختم ہوچکا۔
ایرانی حکومت امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتی رہی، 47 سال سے یہ صورتحال قائم تھی، بہت پہلے ایران سے ڈیل کیا جانا چاہیے تھی، جنرل سلیمانی کو نہ مارا جاتا تو آج ایران کہیں زیادہ مضبوط ہوتا۔
خطاب میں صدر ٹرمپ نے ایرانی حکومت پر 45 ہزار مظاہرین کو قتل کرنے کا الزام بھی لگایا تاہم شواہد نہیں دیے۔
امریکی صدر نے کہا کہ آپریشن مڈنائٹ ہیمر میں ایران کی نیوکلیئر تنصیبات تباہ کردی تھیں، ایران نے دوسرے مقام پر نیوکلیئر پروگرام جاری رکھنےکی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ایران جنگ میں اہداف حاصل کررہے ہیں، نیوی، فضائیہ ختم کردی گئی ہے، ایران کے ایٹم بم بنانے کی صلاحیت ختم کردی، ایران جنگ کے اسٹریٹیجک مقاصد تقریباً مکمل ہورہے ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ میں 13 امریکی فوجی مارے جاچکے ہیں، ہم اپنا مشن مکمل کریں گے، اسرائیل، سعودیہ، قطر، امارات، کویت اور بحرین عظیم ملک ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز سے نہ تو تیل لیتا ہے، نہ لے گا، اس کی ضرورت نہیں، ٹرمپ نے ایران کو معاشی اور ہر لحاظ سے ختم کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے
