
بانی پی ٹی آئی کی اڈیالہ جیل میں سہولیات پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروادی گئی، رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں کمپاؤنڈ سات سیل پر مشتمل ہے، بانی ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ، چیا سیڈز لیتے ہیں، دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغ، مٹن بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا اڈیالہ جیل میں کمپاؤنڈ 7 سیل پر مشتمل ہے، ان کے سیل کے سامنے 57 فٹ لمبی اور 14 فٹ چوڑی راہدری ہے، ان کے کمپاؤنڈ سے ملحق 35/37 کا لان ہے۔
سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی رپورٹ میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی لان میں بیٹھ کر کتابیں، اخبارات پڑھتے ہیں اور دھوپ سینکتے ہیں۔
رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کے 7 سیل پر مشتمل کمپاؤنڈ میں 30 سے 35 قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش ہے، بانی پی ٹی آئی کو ورزش کےلیے سائیکلنگ مشین اور دیگر جم کا سامان فراہم کیا گیا ہے۔
بانی پی ٹی آئی ناشتے میں کھجور، اخروٹ، شہد، کافی، دلیہ، لسی، گرم دودھ، چیا سیڈز لیتے ہیں۔ بانی ناشتے میں موسمبی اور انار کا جوس بھی پیتے ہیں
دوپہر کے کھانے میں دیسی مرغ، مٹن، سلاد، مکس اچار، آلو چپس، انڈہ فرائی، مکس دال فراہم کی جاتی ہے جبکہ وہ شام میں بادام، کشمکش، پسا ہوا ناریل، دودھ، کھجور، کیلا، سیب کا شیک پیتے ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کو صبح سے لے کر شام تک قدرتی روشنی اور تازہ ہوا کی رسائی دی جاتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں محفوظ ماحول میں رکھا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی کو بہتر کلاس مہیا کی گئی ہے۔
