.jpg)
وزیراعظم کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے شہباز شریف کی طرف سے محسن نقوی کے خلاف بات نہ کرنے کی ہدایت کی تصدیق کردی۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں رانا ثناء اللّٰہ اور پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر نے شرکت کی۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم نے آج صبح انہیں براہ راست کہا کہ محسن نقوی کے خلاف بات نہ کریں۔ اس پر میں نے وزیراعظم کو بتایا کہ انہوں نے محسن نقوی کے خلاف ذاتی بات نہیں کی، اُن سے ذاتی جھگڑا نہیں بلکہ 20، 22 سال کا تعلق ہے۔
مشیر سیاسی امور نے مزید کہا کہ پہلے بھی کوشش کی ہے کہ محسن نقوی کی ذات سے متعلق کوئی بات نہ کروں، وزیراعظم نے آج میٹنگ میں کہا کہ بیانات کے معاملے میں کمی لائی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے جو چہرہ دکھانے اور چھپانے والی بات کی اس پر مجھے گلہ تھا، موجودہ وزیر داخلہ جانتے ہیں ہم وہ لوگ ہیں کہ ہمارے چہروں کو تشدد کرکے بگاڑا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے ساتھ اور بھی چیزیں ہیں، انتظامی یونٹس، فیڈرل کا معاملہ بھی ہے، اس لڑائی کو بڑھانے میں ہمیں نہ تو کوئی بہتری نظر آتی ہے نہ ہمیں جلدی ہے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ جب فیصلہ کن مرحلہ آئے گا تو ن لیگ اجلاس بلاکر مشاورت سے فیصلہ لے گی، ریفرنڈم سے نئے صوبے نہیں بن سکتے، جو تبدیلی آئے گی آئین کے ذریعے ہی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم عوام سے رہنمائی لینے کا ایک ذریعہ ہے، اگر اختلاف رائے سامنے ہے تو عوام سے رائے لینے میں حرج نہیں۔
وزیر اعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ پیپلز پارٹی شاید سمجھتی ہے کہ ریفرنڈم ہوا تو آئینی عدالت سے پھر مسئلہ حل کیا جائے گا، صوبوں سے متعلق خدشات تب دور ہوں گے جب معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بحث کا آغاز درست طور پر نہیں ہوا، اگر 30 جولائی کو پارلیمنٹ میں یہ معاملہ شروع ہوتا تو آج کسی نتیجے پر پہنچ چکے ہوتے۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر کو دو خطوط لکھے ہیں، خطوط لکھے کہ آئیں جو بھی امور درپیش ہیں اس پر بات ہو لیکن یہ نہیں جارہے، میں تو خود محمود اچکزئی کے پاس حاضر ہوا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے کہا کہ جس کے نوٹیفکیشن پر اپوزیشن لیڈر بنے ہیں، ان سے ہی مل لیں، جواب آیا کہ نہیں میں نے ان سے نہیں ملاقات کرنی، میں نے کہا کہ چلیں ان کے دفتر میں وزیراعظم سے ملاقات کرلیں جواب آیا نہیں وہاں بھی نہیں ملنا۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ میں نے اپوزیشن لیڈر سے پوچھا کہ بتائیں کب آپ ملنا پسند کریں گے، اپوزیشن لیڈر نے کہا وہ تو زبانی کہا وزیراعظم مجھے ملاقات کےلیے خط لکھیں، اب وزیراعظم نے خط بھی لکھ دیا تو کہتے ہیں کہ میں نے وہاں نہیں جانا کسی اور جگہ آکر مل لیں۔
