نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس میں ہائی ٹینشن تار میں انڈر گراؤنڈ کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ فالٹ کی اطلاع کو 48 گھنٹے سے زائد ہوگیا لیکن کے الیکٹرک ذرائع کے مطابق سرکاری انتظامیہ کی جانب سے شارع نور جہاں پر روڈ کٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی، کام فوری طور پر شروع نہیں کیا گیا اور متاثرہ علاقوں کو بیک فیڈ کیا گیا تاہم بعد میں کے-الیکٹرک کی اعلیٰ انتظامیہ نے بیک فیڈنگ روکنے کا حکم دیا۔
شدید نمی اور گرمی سے لوگوں کی حالت ابتر ہوگئی۔ انہوں نے مین روڈ بلاک کر کے احتجاج شروع کر دیا۔بلاک این میں واقع کے الیکٹرک کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور مرکزی دفتر کے سامنے مین روڈ پر آگ لگا دی۔
کے الیکٹرک کے سرد مہر رویے سے لوگ مشتعل ہوگئے۔کے الیکٹرک کے دفتر کا عملہ اس وقت دفتر چھوڑ کر چلا گیا جب لوگ شکایت کے اندراج اور اسٹیٹس پوچھنے کے لیے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے۔
ایس ایچ او تیموریہ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے احتجاجی مقام پر پہنچے۔ انہوں نے نہ صرف پیشہ ورانہ انداز میں صورتحال پر قابو پایا بلکہ متاثرہ علاقے میں بجلی کی فراہمی جلد از جلد بحال کرنے کے لیے عوام اور کے الیکٹرک حکام کے درمیان بات چیت کی سہولت بھی فراہم کی۔ایس ایچ او کے سمجھانے اور یقین دہانی کے بعد مظاہرین منتشر ہو گئے۔
کے الیکٹرک اہلکار کے مقررہ وقت پر بجلی کی سپلائی بحال کر دی گئی تاہم کیبل کی مرمت کا کام جاری رہے گا۔تمام زیر زمین کیبل کی مرمت کے بعد علاقے اپنے اصل فیڈرز پر بحال ہو جائیں گے۔