متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما اور سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے ایک بار پھر سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور انہوں نے جلد پاکستان واپس آکر نئی پارٹی بنانے کا اعلان کیا ہے۔
نیوز میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈاکٹر عشرت العباد نے جلد پاکستان واپسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نئی سیاسی جماعت بنائیں گے، اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کو بھی نئی جماعت میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے پاس وقت کم ہے، معیشت کی بہتری کے لیے کرپشن کے خلاف کڑا احتساب ہونا چاہیے، گورننس ناکام ہوئی تو حالات کوئی بھی رخ اختیار کر سکتے ہیں، سیاسی اور معاشی عدم استحکام خطرناک حدوں کو چھو رہا ہے۔
چند روز قبل ڈاکٹر عشرت العباد نے کراچی میں خانقاہ بخاری میں منعقدہ دعوتِ حلیم سے خطاب کرتے ہوئے دعوتِ حلیم کے انعقاد پر میزبان اباجی سرکار کا شکریہ ادا کیا۔
ڈاکٹر عشرت العباد کی دعوت پر آل پاکستان مسلم لیگ کے سابق رہنما حارث بن سیف اور افتخار مرزا نے اس تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ وہ ڈاکٹر عشرت العباد کی مکمل حمایت کی تائید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزاروں لوگ ان کی سیاسی جماعت میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔تقریب سے اے پی ایم ایل کے سابق رہنما کیپٹن عمران غوری نے بھی خطاب کیا اور ڈاکٹر عشرت العباد کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر ڈاکٹر عشرت العباد کا کہنا تھا کہ عوامی مطالبہ ہے کہ میں پاکستان کی سیاست میں اپنا کردار ادا کروں، آج ملک کے مسائل بڑھ رہے ہیں، غریب لوگ بھوک اور افلاس سے تنگ آکر خودکشیاں کررہے ہیں۔